امریکا کی فیشن ایبل خواتین اوّل

ہفتہ, 05 نومبر 2016 13:40

ہیلری کلنٹن سابق خاتون اول اور وزیر خارجہ رہ چکی ہیں اور اگر وہ صدر منتخب ہوجاتی ہیں تو وہ امریکی تاریخ کی پہلی خاتون صدر ہوں گی۔ اس کے بعد امریکی قصر صدارت وائٹ ہاؤس خاتون صدر اور مرد اول کا استقبال کرے گا

کسی بھی ملک میں خاتون اول کا کردار ایک اہم کردار ہوتا ہے۔ خواتین اول عموماً غیر سیاسی رہتے ہوئے تعلیم، صحت اور خواتین کے شعبوں میں کام کرتی ہیں۔ بعض خواتین اول کی انفرادی شخصیت اتنی مضبوط ہوتی ہے کہ بعض اوقات صدر مملکت بھی ان کے آگے پھیکے پڑجاتے ہیں۔

اسی طرح بعض خواتین اول دنیا کی طاقتور ترین خواتین میں جگہ بناتی ہیں، اور بعض فیشن آئیکون بن جاتی ہیں اور فیشن ایبل ترین خاتون اول کا اعزاز پاتی ہیں۔

امریکی تاریخ بھی متاثر کن اور اسٹائلش خواتین اول سے بھری پڑی ہے۔ ان خواتین نے دنیا بھر کے فیشن ٹرینڈز کا تعین کیا اور ان کا اختیار کیا ہوا لباس یا انداز دنیا بھر میں مقبول ہو کر فیشن بن گیا۔

چونکہ امریکی صدارتی انتخاب زیادہ دور نہیں، لہٰذا ہم آپ کو امریکی تاریخ کی ان خواتین اول کے بارے میں بتا رہے ہیں جنہوں نے دنیا بھر کی فیشن انڈسٹری پر گہرے اثرات مرتب کیے اور اسٹائلش ترین خاتون اول کا نام پایا

اس فہرست میں سب سے پہلا نام مقتول صدر جان ایف کینیڈی کی اہلیہ جیکولین کینیڈی کا ہے۔

ساٹھ کی دہائی میں اپنی مسحور کن شخصیت سے دنیا بھر کو متاثر کرنے والی جیکی کینیڈی اس زمانے میں فیشن آئیکون سمجھی جاتی تھیں۔ ان کا اختیار کیا ہوا ہر انداز تھوڑے ہی دن میں فیشن بن جاتا تھا۔

جان ایف کینیڈی کے قتل کے بعد جیکی نے فرانسیسی ارب پتی ارسٹوٹل اوناسس سے شادی کی لیکن اپنے نام سے کینیڈی کو خارج نہیں کیا۔ مرتے دم تک وہ پوری دنیا کے میڈیا کی توجہ کا مرکز رہیں اور ان کا ہر انداز قابل ستائش رہا۔

امریکی قصر صدارت میں براجمان رہنے والی مشل اوباما کو بھی فیشن کی دنیا میں ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ مشل اوباما سادگی پسند ہیں اور سادہ لباس استعمال کرتی ہیں، لیکن یہ ان کی منفرد شخصیت کا کمال ہے کہ ان کی سادگی بھی فیشن میں شمار ہونے لگی۔

صدر اوباما کے ساتھ ہم قدم رہتے ہوئے انہوں نے دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کی خود مختاری کے لیے بے پناہ کام کیا

حالیہ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن، بل کلنٹن کے دور صدارت میں نہایت اسٹائلش اور فیشن ایبل خاتون اول ہوا کرتی تھیں۔ ان کا اسٹائل تو اب بھی برقرار ہے تاہم عمر کے ساتھ اب اس میں رکھ رکھاؤ آگیا ہے اور اب وہ نہایت پروقار خاتون لگتی ہیں۔

ان کے مدمقابل ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ ماڈل رہ چکی ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کی صورت میں اگر وہ صدارتی محل میں براجمان ہوگئیں تو امریکی فیشن انڈسٹری کو یقیناً سیاسی رنگینی کا تڑکا بھی لگ جائے گا۔

امریکا کے 40 ویں صدر رونلڈ ریگن کی اہلیہ نینسی ریگن اپنی میچنگز کے حوالے سے بے حد مشہور تھیں

وہ اپنے لباس اور اس سے جڑی ذرا ذرا سی باریکیوں کا بھی خیال رکھتی تھیں، اور ان کے کانوں کے بندے، دستانے اور جوتے بھی میچنگ یا کنٹراسٹ سے ہوا کرتے تھے۔

امریکا کے 38 ویں صدر جیرالڈ فورڈ کی اہلیہ بیٹی فورڈ ہمیشہ جدید لباس زیب تن کیا کرتیں۔

ان کی خاص بات یہ تھی کہ وہ بعض دفعہ کچھ مختلف انداز بھی اختیار کیا کرتیں جو اس وقت کے فیشن سے مطابقت نہیں رکھتا تھا۔ لیکن ان کے خاتون اول ہونے کی وجہ سے وہ انداز بھی مقبول ہوجاتا تھا۔

لنڈن بی جانسن کی اہلیہ لیڈی برڈ جانسن بھی ایک مسحور کن شخصیت کی مالک تھیں اور ہمیشہ بہترین لباس زیب تن کیا کرتیں۔

فرینکلن ڈی روز ویلیٹ کی اہلیہ ایلینور روز ویلیٹ 32 ویں خاتون اول تھیں اور ہمیشہ گھیردار ملبوسات، دستانوں اور خوبصورت ہیٹس کا استعمال کرتی تھیں۔

امریکی مؤرخین انہیں خوبصورت خاتون تو نہیں مانتے، تاہم ان کی شخصیت اور انداز کی خوبصورتی سے سب ہی متفق ہیں۔

امریکا کے چوتھے صدر جیمس میڈیسن کی اہلیہ ڈولی میڈیسن کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں تاہم مؤرخین کے مطابق وہ اس زمانے کی ایک اسٹائلش خاتون تھیں۔

Read 755 times

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.

Pakistanviews.org

pakistanviews.org stands as a website enlightening the masses with all information related to current affair, entertainment, sports, technology, etc. It has been brought into existence to ensure that voice of Pakistan reaches the masses. Ensuring that a true picture of Pakistan is portrayed in the right manner to the world. The website is to bring forth the real picture of Pakistan negating avenues of Terrorism and Non-State Acto